امریکا کے شہر سیٹل میں مشہور سیاحتی مقام اسپیس نیڈل کے قریب ہونے والی فائرنگ میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ ایک بچے سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سیٹل کی میئر کیٹی ولسن نے تصدیق کی کہ پولیس نے واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ۔ انہوں نے ابتدائی طور پر دو افراد کی گرفتاری کا ذکر کیا تھا، تاہم بعد میں واضح کیا کہ فی الحال ایک ہی مشتبہ شخص پولیس کی تحویل میں ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیٹل فائر ڈپارٹمنٹ نے دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ اسپیس نیڈل کے قریب واقع سیٹل سینٹر میں ہوئی، جہاں اس وقت بائٹ آف سیٹل کے نام سے مقامی کھانوں اور کاروباروں پر مبنی سالانہ میلہ جاری تھا، جس میں بڑی تعداد میں شہری اور سیاح موجود تھے۔ ہاربر ویو میڈیکل سینٹر کے مطابق چار زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جن میں ایک بچہ، ایک خاتون جو سرجری سے گزر رہی ہیں، 23 سالہ نوجوان اور 39 سالہ خاتون شامل ہیں۔اسپتال کی ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر جائے وقوعہ سے یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں کہ ممکنہ طور پر ایک سے زیادہ حملہ آور ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات پولیس کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔مقامی اخبار سیٹل ٹائمز کے ایک صحافی کے مطابق فائرنگ کے دوران متعدد تیز دھماکوں اور مسلسل گولیوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد میلے میں بھگدڑ مچ گئی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق ویڈیوز یا معلومات موجود ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔







