النور امن فائونڈیشن اور فارما ہیلتھ اینڈ سائنس سوسائٹی کے درمیان عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد مقام "گروپ آف کمپنی "کے ہیڈ آفس ابدرہ روڈ یونیورسٹی روڈ پشاور میں کیا گیا جہاں دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط کیے گئے۔تقریب میں النور امن فائونڈیشن کے چیئرمین شیخ نور خان اور فارما ہیلتھ اینڈ سائنس سوسائٹی کے چیئرمین عامر خٹک سمیت دونوں اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں تنظیمیں عوامی خدمت کو اپنا مشترکہ نصب العین بناتے ہوئے تعلیم، صحت، نوجوانوں کی تربیت، گرومنگ سیمینارز، آگاہی مہمات اور فلاحی منصوبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت صرف دو اداروں کے درمیان ایک معاہدہ نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری، سماجی ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت کے لیے ایک مشترکہ عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اشتراک سے ایسے منصوبے متعارف کرائے جائیں گے جن سے بالخصوص ضلع پشاور کے عوام کو تعلیم، صحت اور سماجی رہنمائی کے شعبوں میں بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ شرکا نے اس معاہدے کو عوامی خدمت کی جانب ایک مثبت اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشیں مستقبل میں ایک مضبوط، صحت مند اور باصلاحیت معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی۔ تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کے شرکا سجاد احمد یوسفزئی ، نشادگل، ڈاکٹر حسن خان، نبیل خان، خضر عارف، راحت جمیل، کرن ساقی اور حمزہ تواب نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔







