جماعت اسلامی کا ہزارہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کیخلاف احتجاج کا اعلان

مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم مصنوعات کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف جماعت اسلامی ہزارہ ڈویژن نے 7 اگست کو شاہراہ قراقرم بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ امیر جماعت اسلامی ہزارہ صوبہ عبدالرزاق عباسی کے مطابق 7 اگست کو ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، پٹن اور داسو میں شاہراہ قراقرم کو پرامن احتجاج کے ذریعے بند کیا جائے گا، مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے۔ایبٹ آباد میں نائب امیر ہزارہ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی امجد خان جدون ،قیم ہزارہ حافظ جاوید ٹریڈ ونگ کے صدر راجہ عمران الخدمت کے صدر ملک تنویر اعوان اور جماعت کے ارکان کی موجودگی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق عباسی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ عوام کا خون چوسنے کے مترادف ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت تقریباً 95 ڈالر فی بیرل ہے، جس کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمت 200 سے 230 روپے فی لیٹر کے درمیان ہونی چاہئے، تاہم حکومت اسے 340 روپے تک پہنچا چکی ہے اور روزانہ قیمتوں کے فیصلوں کے ذریعے عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عالمی قیمت سے بھی زائد ٹیکس وصول کر رہی ہے، لیوی ٹیکس کی مد میں 800 ارب روپے سے زائد جمع کرنے کے باوجود ملک میں کوئی نئی آئل ریفائنری قائم نہیں کی گئی۔ پاکستان کا نچلا اور متوسط طبقہ موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں پر سفر کرتا ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست غریب عوام کو متاثر کر رہا ہے۔عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں،بیوروکریسی کے اللے تللے بند کئے جائیں اور ملک کے اخراجات کم کرنے کے لئے 1300 سی سی تک کی سرکاری گاڑیاں استعمال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی شاہ خرچیاں ختم کرے۔امیر جماعت اسلامی ہزارہ صوبہ نے مذید کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مسئلہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے،ڈیزل کے اضافہ سے بنیادی اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان کی کال پر علماء کرام ،تاجروں ،وکلاء ،صحافیوں ، شہریوں سمیت ہر شعبہ زندگی کے لوگوں سے رابطہ کریں گے ۔ حکومت ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں کو مستحکم کرے اور عوام کو عالمی قیمتوں کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے۔اس ضمن میں امیر جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری معاشی بدحالی کے بنیادی اسباب معیشت کی خرابی اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں میں ہیں،بلوچستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصے معاشی مشکلات سے آگ لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ معاشی خرابیوں کی بنیادی جڑ کے پیچھے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ہے جس کے باعث عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا، کسی گملے یا پھول کو بھی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کیا جائے گا اور عوام کے ساتھ مل کر علاقے کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed