پشاور ہائیکورٹ نے بی آر ٹی کے سردار گڑھی، تارو جبہ اور پبی سٹاپس پر مسافروں کے لیے شیلٹرز کی عدم موجودگی کیخلاف دائر درخواست پر صوبائی حکومت، ٹرانس پشاور اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے)کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا۔درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نعمان شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سردار گڑھی، تارو جبہ اور پبی کے بی آر ٹی سٹاپس پر مسافروں کے لیے شیلٹرز موجود نہیں، جس کے باعث شہریوں کو بس کے انتظار میں شدید دھوپ اور خراب موسم میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔اس موقع پر جسٹس وقار احمد نے استفسار کیا کہ یہ سٹاپس مرکزی شاہراہ پر واقع ہیں، اس معاملے میں کس ادارے سے جواب طلب کیا جائے؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ چونکہ مذکورہ مقامات مین روڈ پر واقع ہیں، اس لیے این ایچ اے کی اجازت کے بغیر وہاں شیلٹرز تعمیر نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ صوبائی حکومت، ٹرانس پشاور اور این ایچ اے سے جواب طلب کیا جائے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور مزید کارروائی ملتوی کر دی۔







