خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے تخت بھائی میں افسوس ناک واقعہ، ملکیانوں گاروشاہ میں فائرنگ کے واقعے میں 13سالہ نعمان قتل کر دیا گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق گولی لگنے سے کمسن نعمان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تخت بھائی منتقل کر دیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق 13سالہ نعمان رات کے وقت لاپتہ ہو گیا تھا، جبکہ صبح اس کی لاش علاقے کے کھیتوں سے ملی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔پولیس کے مطابق 13سالہ نعمان قتل ہونے کے واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ کسی گروپ یا فرد کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔پولیس نے قتل کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے دو لڑکوں کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







