وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبے میں آج سے مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر بھی خصوصی شجرکاری مہم کے دوران 14 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، شفیع جان نے بتایا کہ پشاور عظمت رفتہ بحالی پروگرام کے تحت سپین خاک کے مقام پر 10 ہزار کنال رقبے پر 5 لاکھ 40 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت 200 کنال رقبے پر پھلدار باغات قائم کیے جائیں گے جبکہ 20 ہزار زیتون کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پھلدار باغات پرندوں کے قدرتی مساکن، خوراک اور ماحولیاتی توازن کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ پشاور شہر میں 20 میاواکی جنگلات قائم کیے جائیں گے جبکہ تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں 40 ہزار پھلدار پودے بھی لگائے جائیں گے، جس سے شہری ماحول بہتر بنانے، آلودگی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی،وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی چیٔرمین عمران خان کے سر سبز ویژن کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت جنگلات کے فروغ، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا محکمہ جنگلات کی شجرکاری مہمات کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ "ٹین بلین ٹری اپ اسکیلنگ گرین پاکستان شجرکاری پروگرام” کے لیے ایک ارب روپے، "بلین ٹری پلس پروگرام” کے لیے 50 کروڑ روپے اور "بلین ٹری افاریسٹیشن سپورٹ پراجیکٹ” کے لیے بھی 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،شفیع جان نے مزید کہا کہ شعبہ ماحولیات کے مختلف منصوبوں کے لیے 98 ملین روپے رکھے گئے ہیں، جن میں بھٹہ خشتوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے بھی فنڈز شامل ہیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کے مجموعی جنگلات کے تقریباً 45 فیصد رقبے کا حامل صوبہ ہے، اس لیے جنگلات کا تحفظ اور اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں عوامی شراکت داری کے ذریعے صوبے کو مزید سرسبز، شاداب اور ماحول دوست بنانے کے لیے اقدامات کا یہ سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا







