دہشتگردی ہم پر مسلط کی گئی،خاتمے کیلئے جنگ جاری رہیگی،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا پولیس فورس کی افرادی قوت اور آپریشنل استعداد میں اضافے کے سلسلے میں اہم پیش رفت کے تحت صوبے کے آٹھوں ڈویژنز سے بھرتی کیے گئے 4306 پولیس کانسٹیبلز میں تقرری کے حکمنامے تقسیم کیے۔ اس سلسلے میں پشاور میں منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے پولیس فورس میں بھرتی کئے گئے نئے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اْمید ہے جس میرٹ، شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر ان کی بھرتی عمل میں آئی ہے، وہ اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی میں بھی اسی میرٹ، شفافیت، دیانتداری، ایمانداری اور فرض شناسی کو برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو ہر شعبے میں اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور صوبائی حکومت کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت یا اقربا پروری کی بجائے صرف اہلیت کو معیار بنا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ میرٹ اور شفافیت کی بالادستی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج خیبرپختونخوا پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور اسپیشل برانچ اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور کارکردگی کی بدولت ملک بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے نئے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ ایک عظیم، باوقار اور قربانیوں سے بھرپور فورس کا حصہ بن رہے ہیں، اس لیے وہ ہر حال میں اس ادارے کی عزت، وقار، نظم و ضبط اور روایات کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف صف اول میں برسرپیکار ہے اور اس فورس نے ملک میں امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ بند کمروں میں کیے جانے والے فیصلوں نے ملک کو بدامنی کی طرف دھکیلا، تاہم خیبرپختونخوا پولیس نے گزشتہ 22 برس کے دوران دہشت گردی کے خلاف بے مثال جرات، استقامت اور قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء ، غازیوں اور تمام جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے نئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مقصد پر ثابت قدم رہیں، کسی بھی دبائویا غیر قانونی مداخلت کے سامنے نہ جھکیں اور جرائم کے خاتمے، دہشتگردی کے خلاف موثر کارروائی اور قانون کی بالادستی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی ہم پر مسلط کی گئی ہے اور صوبائی حکومت امن کے مکمل قیام تک اس ناسور کے خلاف اپنی جنگ پوری قوت سے جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک اچھے پولیس اہلکار کی اصل پہچان عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام، غیر جانبداری اور انصاف پر مبنی رویہ ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed