حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع تاتارہ انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹیو سلیم اختر درانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور صوبائی قیادت سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 سال سے انہیں مسلسل ظلم و زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور متعدد عدالتی فیصلے ان کے حق میں آنے کے باوجود خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) نے ان کے صنعتی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر کے اسے غیر قانونی طور پر نیلام کر دیا ہے۔ سلیم اختر کے مطابق، کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہونے کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر کی معاونت سے فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے، جس سے سینکڑوں ملازمین کا روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اس معاملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔۔







