پشاور رنگ روڈ پر واقع آفیسر کالونی 3میں علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اصلاحی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا،جس کا مقصد کالونی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں عبید اللہ انور ایڈووکیٹ، شاہ ذوالقرنین، ڈاکٹر الماس،ملک سعداللہ،شازنوف اور عالم خان سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کالونی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کالونی کے گرد بائونڈری وال کا قیام، سیکیورٹی کے مسائل اور دیگر بنیادی مشکلات کے حل کے لیے متعلقہ اداروں اور کالونی مالکان سے مئوثر رابطے کیے جائیں گے۔شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی تعاون، باہمی اتحاد اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے علاقے کو درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں مستقبل میں بھی باقاعدگی سے مشاورتی نشستوں کے انعقاد اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔







