ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور فضا ء حسن نے چائنہ ونڈو کا دورہ کیا اور وہاں قائم مختلف ثقافتی اور تعلیمی گیلریوں کا معائنہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو ایک نمایاں ثقافتی مرکز اور پاک چین دوستی کی شاندار علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور باہمی اعتماد میں اضافے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔فضا ء حسن نے پاک چین دوستی کو بے مثال اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترنے والی دوستی قرار دیا۔

انہوں نے چائنہ ونڈو میں قائم ان گیلریوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی جن میں چین کی تاریخ، ثقافت، سیاحت، تعلیم، ٹیکنالوجی کی ترقی اور پاکستان و چین کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کے اس منفرد اقدام کو سراہا اور پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، ثقافتی تعاون اور باہمی سمجھ بوجھ کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اس کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔فضا حسن نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے ثقافتی مراکز نوجوان نسل میں چین کی شاندار ترقی، قدیم تہذیب اور پاکستان کے ساتھ اس کی دیرینہ شراکت داری کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو مہمانوں کو چین کے بارے میں جاننے اور پاک چین تعلقات کی گہرائی کو سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو جیسے ادارے دوستی کے پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کی لگن، وژن اور عوامی سطح پر پاک چین دوستی کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔







