پشاور ہائیکورٹ نے کراچی سینٹرل جیل میں مبینہ طور پر سزا مکمل ہونے کے باوجود 12 سال سے قید امین حسین کی خیبر پختونخوا منتقلی سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے محکمہ داخلہ سے تین روز کے اندر رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی پی او کرم اور ایس پی انویسٹی گیشن کرم کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کرم کو بھی متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔تحریری حکم نامے کے مطابق محکمہ داخلہ کی رپورٹ تاحال ریکارڈ پر موجود نہیں، لہذا ہوم ڈیپارٹمنٹ دوبارہ رپورٹ جمع کرائے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کرم کو بھی 30 اپریل کے عدالتی حکم کے مطابق ایک ہفتے کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ عدم تعمیل کی صورت میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔درخواست گزار کے وکیل کے مطابق امین حسین کا تعلق ضلع کرم سے ہے اور وہ 2014 سے کراچی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ امین حسین تین ماہ قید کی سزا مکمل کرچکے تھے، تاہم اس کے باوجود وہ اب تک کراچی جیل میں موجود ہیں۔پشاور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 8 جون 2026 تک ملتوی کردی۔







