خیبر پختونخوا حکومت نے روسی فاختہ کے شکار کی اجازت دے دی

خیبر پختونخوا حکومت نے روسی فاختہ کے شکار کی اجازت دے دی۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق قدرتی توازن کے تحفظ کے ساتھ ذمہ دارانہ شکار کی اجازت دی گئی ہے، روسی فاختہ کا شکار 31مئی تک جاری رہے گا۔ یہ اقدام خیبر پختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بایوڈائیورسٹی ایکٹ 2015کے تحت اختیار کردہ اختیارات کے مطابق کیا گیا ہے جس کا مقصد فطری حسن کی بقا اور پرندوں کی آبادی کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانا ہے۔اعلامیے کے مطابق سال 26-2025کے دوران روسی فاختہ کے شکار کی اجازت صرف جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دنوں میں ہوگی اور یہ سہولت صرف ان افراد کو حاصل ہوگی جو باقاعدہ اسمال گیم شوٹنگ لائسنس کے حامل ہوں گے,یہ ضابطہ فوری طور پر نافذ العمل ہے اور 31مئی 2026تک موثر رہے گا۔واضح کیا گیا کہ مقررہ ایام کے علاوہ شکار کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ہر شکاری کیلئے روزانہ زیادہ سے زیادہ 8پرندوں کی حد مقرر کی گئی ہے۔مقررہ حد سے تجاوز کرنے پر فی پرندہ 5,000روپے بطور جرمانہ عائد ہوگا، اس کے علاوہ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ طلوع آفتاب سے قبل اور غروب آفتاب کے بعد شکار مکمل طور پر ممنوع ہوگا، محکمہ جنگلی حیات کی ٹیمیں پرندوں کی آبادی کی مسلسل نگرانی کریں گی اور ضرورت پڑنے پر شکار پر فوری پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔محکمہ کے ترجمان لطیف الرحمان نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا ماحولیاتی تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جن میں جنگلات کے فروغ، جنگلی حیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی شامل ہے۔ روسی فاختہ کے شکار کا یہ ضابطہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو پائیدار ترقی اور فطرت سے ہم آہنگ طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed