پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم کے شدید بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سے گندم کی ترسیل میں غیر قانونی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔تفصیل کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا میں گندم کے بڑھتے ہوئے بحران پر صوبائی اور وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم بٹ نے وزیراعلی خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا فوری نوٹس لیں۔ نعیم بٹ کا کہنا ہے کہ صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا گندم کی ترسیل میں غیر قانونی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے منڈی میں طلب اور رسد کا توازن بگڑ چکا ہے۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے انکشاف کیا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر گندم لانے والی گاڑیوں سے کھلے عام بھتہ وصول کیا جا رہا ہے اور رقم دینے سے انکار پر ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی جاتی ہے اور گندم سے لدی گاڑیاں ضبط کر لی جاتی ہیں۔نعیم بٹ نے واضح کیا کہ گندم کی نقل و حمل پر پابندی اور یہ چیک پوسٹیں آئین کے آرٹیکل 151 کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو ملک بھر میں آزادانہ تجارت کا حق دیتا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کی بارہا یقین دہانیوں کے باوجود پنجاب سے گندم کی سپلائی میں رکاوٹیں تاحال برقرار ہیں۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پنجاب سے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی نہ بنائی اور غیر قانونی چیک پوسٹوں کا خاتمہ نہ کیا، تو خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران بے قابو ہو جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔







