پشاور ہائیکورٹ نے وکلا کو ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت محکمہ صحت سے جواب طلب کرلیا کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ وکیل درخواست گزار بیرسٹر بابر شہزاد عمران عدالت میں پیش ہوئے ۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے سیکشن 11 میں وکلا ہسپتالوں میں بہتر سہولیات کا ذکر ہے ، ایکٹ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں وکلا کو گریڈ 17 آفیسر کے برابر سہولیات دی جائے جبکہ پشاور سمیت صوبہ کے کسی ہسپتال میں وکلا کو یہ سہولیات میسر نہیں وکلا اپنے طور پر ہسپتالوں میں علاج کرتے ہیں تاہم انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو ہدایات دیں جائیں عدالت نے دلائل سننے کے بعد متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردیا عدالت نے اگلی سماعت پر وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت محکمہ صحت سے جواب طلب کرلیا اور سماعت ملتوی کردی۔







