پشاورسابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پشاور شہر کی ترقی اور تاجروں کے مسائل کا حل ہمیشہ سے اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے، خدمات کا سلسلہ جاری رکھوں گا، ملک مہر الہی اور شکیل احمد خان نے فیڈریشن اور چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کے حالیہ اقدامات کو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کریمپورہ بازار کے تاجروں کی جانب سے چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز کے عہدیداروں کے اعزاز میں عصرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کریمپورہ بازار انجمن تاجران چیرمین حبیب خان، جنرل سیکرٹری مبشر حسین اور دیگر عہدیدارن کی جانب سے پشاور چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز کے عہدیداران کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابقہ گورنر حاجی غلام علی، گروپ لیڈر ملک مہر الہی، صدر شکیل احمد خان اور دیگر مہمانان بازاروں کے صدور کا آمد پر پرتپاگ استقبال کیا گیا۔ چیرمین جبیب خان نے کریمپورہ بازار کے تاجروں کو درپیش مسائل، آئے روز بازار کے بجلی ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے کے جاری کردہ نوٹسز، کسٹم پیڈ امپورٹڈ مالوں کی ترسیل کی پکڑ دھکڑ اور تاجروں کو بے جا تنگ کرنے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چیمبر متعلقہ اداروں کے زمہ داران سے مزاکرت کرکے ان مسائل کا حل یقینی بنائے۔ مہمان خصوصی سابقہ گورنر حاجی غلام علی نے چیمبر کی افادیت اور کاروباری برادری کے لیے اس کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر ہمارا ہے اور اس کی معاشی ترقی کے لئے اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی خدمت سے دریغ نہیں کیا جائے گا ان درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔







