رپورٹ: ناز پروین
چائنہ ونڈو پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز ہے جو نہ صرف چینی ثقافت کو اجاگر کرتا ہے وہیں پاکستانی اور خاص کر مقامی ثقافت کی ترقی اور ترویج میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔یہاں پر باقاعدگی سے مشاعرے اور ادبی تقریبات کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔اسی سلسلے میں چائنہ ونڈو میں پشتو ادیبہ اور شاعرہ شاہین امین کے پشتو افسانوی مجموعے ”تش لاسونہ” کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز عدنان خان نے تلاوت کلام پاک سے کیا ۔نظامت کے فرائض ناز پروین نے انجام دئیے ۔
معروف صحافی، ریڈیو براڈ کاسٹر اور ٹی وی نیوز اینکر خائستہ رحمان ،پشتو کی نامور شاعرہ ثمینہ قادر اُردو اور پشتو کی شاعرہ اور نثر نگار عطیہ ہدایت اللہ نے شاہین امین کی ادبی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ان کے طرز تحریر ،موضوعات کے انتخاب اورشخصیت کے مختلف گوشوں پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ شاہین امین نے خواتین کے معاشرتی اور جذباتی مسائل کو اپنے افسانوں میں حساسیت اور درد مندی سے بیان کیا ہے ۔
معروف پشتو شاعرہ ڈاکٹر روشن کلیم نے شاہین امین کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔مصنفہ شاہین امین نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے چائنہ ونڈو کا تقریب رونمائی منعقد کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے ادبی سفر ،شاعری اور افسانوں پر بات کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اکادمی ادبیات ڈاکٹر گلزار جلال نے شاہین امین کے فن اور شخصیت پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا موازنہ پاک و ہند اور انگلستان کی معروف مصنفات کے ساتھ کیا۔
انہوں نے مقامی ادب اور ثقافت کی ترویج کیلئے چائنہ ونڈو کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ مہمان خصوصی اور حاضرین نے پشتو افسانوی مجموعے تش لاسونہ کی رونمائی کی۔عطیہ ہدایت اللہ اور ڈاکٹر روشن کلیم نے شاہین امین کو خوبصورت گلدستے پیش کیے ۔ میزبان ناز پروین نے حاضرین کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو مستقبل میں بھی ادب اور ثقافت کی ترویج کیلئے ایسی تقریبات کا انعقاد کرتا رہے گا۔حاضرین نے خائستہ رحمان کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد بھی دی۔تقریب میں معروف سوشل میڈیا پرسن افسر افغان اور نامور ادیبوں اور شاعروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔