ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے کارروائیوں کا سلسلہ دراز کر دیا۔ ڈائریکٹر پشاور زون نثار تنولی کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتار کر لئے گئے جن کی شناخت اسد اللہ ، روح الامین اور مزمل کے ناموں سے ہوئی۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان کو چوک یادگار پشاور سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دوران چھاپہ ملزمان سے بھاری رقوم بھِی برآمد کی گئیں۔ یاد رہے کہ ملزمان بغیر لائسنس کے منی چینجر کا کاروبار کر رہے تھے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان سے مجموعی طور پر 32 لاکھ پاکستانی روپے، 1050 یورو, 900 امریکی ڈالر اور 5000 سعودی ریال برآمد ہوئے جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار







