پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو 16 نومبر تک پشاور ہائیکورٹ کا آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت آئینی دائرہ اختیار بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کی جائے گی۔ بار ایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمان یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو بھی فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، اس سلسلے میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امجد علی شاہ کے توسط سے بات کی گئی ہے۔یہ فیصلہ پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمان یوسفزئی کی زیر صدارت صوبہ بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں پشاور ہائیکورٹ کے آئینی دائرہ اختیار کی معطلی کے معاملے پر غور کیا گیا اور وفاقی حکومت سے اسے فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔دریں اثنا خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی تھری ایم پی او کے تحت درج مقدمات سے متعلق کیس میں فریق بننے کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست بار کونسل کے ممبر بابر خان یوسفزئی کی وساطت سے دائر کی گئی ہے، جس میں تھری ایم پی او اور دیگر کیسز میں فریق بننے کے ساتھ خیبرپختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت پشاور ہائیکورٹ کا آئینی دائرہ اختیار بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا بار کونسل نے اس حوالے سے اپنے جنرل باڈی اجلاس میں باقاعدہ قرارداد بھی منظور کی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ 5 دن سے پشاور میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر نئے رٹ درخواست دائر کرنے پر وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں پابندی عائد کی گئی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ فورم پر رجوع کرنے کی ہدایت کردی گئی اس کے علاوہ 11 ستمبر 2026 کے بعد دائر آئینی درخواستوں کو بھی بنچوں کے سامنے نہ لگانے کا حکم دیا گیا ہے اس فیصلے کے بعد گورنر راج، سہیل آفریدی اور دیگر کی گرفتاری سمیت 3 ایم پی او کے کیسز کو کاز لسٹ سے نکال دیا گیا ہے







