خیبر پختونخوا میں موسمی صورتحال میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے محکمہ موسمیات نے صوبہ بھر میں 10 سے 14 نومبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ صوبے کے بالائی علاقوں کے پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبے میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث موسم میں خنکی اور سردی بڑھنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق 10 نومبر کی شام سے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 نومبر کو موسمی نظام مزید مضبوط ہو سکتا ہے جس کے باعث بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے، اور یہ بارش کا سلسلہ 14 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔







