کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ اور پی ڈی یلو لائن کمال دایو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سینئر صوبائی وزیر نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کے یو ٹرنز کو شہریوں کے لیے کھولنے کی ہدایت دی اور تاکید کی کہ بی آر ٹی منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے تمام تر غیر معمولی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کی متوقع آمد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ مزید بسوں کی کھیپ جلد کراچی پہنچ جائے گی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ان جدید بسوں کے آپریشن کے لیے روٹس، چارجنگ اسٹیشنز، بس ڈپو اور دیگر انتظامی و تکنیکی انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
صوبائی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور بسوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کی ترجیحی بنیادوں پر نشاندہی کی جائے جہاں شہریوں کو سفری سہولیات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔






