ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سی ایم ایس اور ہیڈکوارٹرز کے افسران کا ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سائبر کرائم سے متعلق شکایت کی موصولی اور ان پر ایکشن کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) میں بہتری لانے، موصول ہونے والی شکایات کے فوری اندراج، بروقت جانچ پڑتال اور ان کے موثر ازالے کے حوالے سے واضح احکامات جاری کیے گئے۔ افسران کی جانب سے ڈی جی این سی سی آئی اے کو شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، شکایات کی پروسیسنگ کی رفتار بڑھانے اور پورے نظام کو جدید تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے تاکید کی کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال اور بااثر بنایا جائے تاکہ عوام کی شکایات پر فوری کارروائی کی جا سکے اور ہر کیس کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔







