پشاور کے تھانہ بڈھ بیر کی حدود باچیانوں گڑھی میں مستورات کے تنازع پر ہولناک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مقتولین کی شناخت ۵۰ سالہ عالمگیر شاہ اور ان کے ۱۳ سالہ بیٹے زوار شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں عنایت شاہ، شہادت شاہ اور سید شاہ نامی ملزمان ملوث ہیں جو مقتولین کے ساتھ تنازع رکھتے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیراؤ میں لے لیا اور دونوں لاشوں کو ضروری کاغذی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی زیرِ نگرانی خاص پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ روپوش ملزمان کو فوری گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس نے مفرور ملزمان کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ ملزمان کے مقیم ٹھکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔







