حرمین شریفین کا دفاع امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے’ مشیر اوقاف

مشیر اوقاف ، حج ، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے تاریخی مسجد مہابت خان پشاور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار اور ان کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کی حمایت کی جانی چاہیے۔ مولانا طیب قریشی نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں پاکستان کے کردار پر تنقید بلاجواز ہے۔ مکہ معاہدہ میں کئی ملک شامل ہیں مگر صرف پاکستان کے لئے پیٹ میں مروڑ کیوں اٹھ رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو مزید توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنا مثر کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے حرمین شریفین کے دفاع پر مامور افواج کی کامیابی اور استقامت کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی پاکستان اور سعودی عرب کے دشمنوں کو تباہ و برباد فرمائے۔مشیر اوقاف نے اپنے خطاب میں معاشرتی اور خاندانی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وراثت میں بہنوں اور بیٹیوں کو ان کا شرعی حصہ لازمی دیا جائے اور نکاح کے وقت مقرر کیے گئے حق مہر کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ یہ اسلامی تعلیمات اور شرعی احکامات ہیں جن پر عمل درآمد ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کو دینی اور دنیاوی دونوں علوم سے آراستہ کریں، کیونکہ دینی اور دنیاوی تعلیم ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ والدین اپنے بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔مولانا طیب قریشی نے سوشل میڈیا کے محتاط استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت دی جائے۔ کسی بھی بات یا خبر پر یقین کرنے اور اسے آگے پھیلانے سے پہلے اس کی تحقیق ضرور کی جائے تاکہ معاشرے میں غلط معلومات اور بے بنیاد افواہوں کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed