کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی خان اور ریجنل پولیس آفیسر (RPO) ہزارہ جہانزیب نذیر خان نے ڈیجیٹل کھلی کچہری کا انعقاد کر کے ضلع مانسہرہ کے سرکل بالاکوٹ اور اوگی کے شہریوں کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست سنیں۔ اس موقع پر ڈی سی مانسہرہ یاسر علی خان اور ڈی پی او مانسہرہ محمد وقاص خان بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران آر پی او ہزارہ جہانزیب نذیر خان نے اعلان کیا کہ عوامی سہولت اور کرائم کنٹرول کے لیے موبائل پولیس چوکیوں کا بنیادی پائلٹ پروجیکٹ اوگی سے شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ موبائل چوکیاں مختلف دور دراز علاقوں میں جا کر شہریوں کے مسائل حل کریں گی، جس کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ہزارہ ڈویژن تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے اوگی ٹریفک لائسنس برانچ میں بائیومیٹرک مشین کا مسئلہ 15 دن کے اندر حل کرنے سمیت تجاوزات اور غیر قانونی منی اڈوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
دوسری جانب کمشنر ہزارہ شاہ رخ علی خان نے ریونیو شعبے میں شفافیت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں اور دیگر عملے کی تعیناتیاں مکمل طور پر میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ انہوں نے ڈی سی مانسہرہ کو سرکاری دفاتر میں حاضری، ڈومیسائل کے اجراء میں آسانیاں پیدا کرنے اور دور دراز علاقوں کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
آر پی او ہزارہ نے گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنے کے لیے تمام سرکلز میں ڈیجیٹل کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔







