شعیب جمیل
پشاور ہائیکورٹ نے انصاف لائرز فورم کے صدر علی زمان ایڈوکیٹ کی ممکنہ گرفتاری اور حراساں کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بنچ نے کی۔ اس دوران وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بغیر کسی قانونی جواز اور اجازت کے ان کے گھر پر چھاپے مارے ہیں، اور درخواست گزار کے ساتھ ساتھ ان کے فیملی ممبران کو بھی مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ وکیل نے استدعاء کی کہ عدالت فریقین کو اس عمل سے روکے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پولیس اور دیگر فریقین کو درخواست گزار کی گرفتاری سے روکتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے اور دس نومبر تک جواب طلب کر لیا۔






