پاکستان کو بربادی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے’ پی ٹی آئی / اپوزیشن اتحاد

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں اور عام انتخابات کے مینڈیٹ سے متعلق اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ رہنماؤں نے ان تمام اقدامات کو جمہوری اور آئینی اصولوں کے سراسر منافی قرار دیا ہے۔محمود خان اچکزئی نے واضح کیا کہ ان کی کسی بھی سیاسی رہنما سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، بلکہ اصل جنگ عوام کے ووٹ اور جمہوری مینڈیٹ کی بالادستی کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2024 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چھینا گیا اور چار کروڑ عوام کے حقِ رائے دہی کا مذاق اڑایا گیا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی خواتین کی مخصوص نشستیں بھی دوسری پارٹیوں میں تقسیم کی گئیں جو کہ عوامی مینڈیٹ کے خلاف ہے۔دوسری جانب، سلمان اکرم راجہ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے صوبائی اسمبلی کی قرارداد ضروری ہوتی ہے جو منظور نہیں کی گئی۔ انہوں نے آرٹیکل 234 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعلیٰ، کابینہ، صوبائی اسمبلی اور انتظامیہ اپنے فرائض انجام دے رہی تھی تو صوبائی حکومت کے مفلوج ہونے کا جواز درست نہیں۔بیرسٹر گوہر خان نے عدالت میں دائر درخواستوں کے حوالے سے بتایا کہ پی ٹی آئی اور اتحادیوں نے ان غیر آئینی اقدامات، کارکنوں کے ساتھ زیادتیوں اور چھاپوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی آڑ میں کسی ایک صوبے پر اس کی پشت پناہی کا الزام لگانا ناقابل قبول ہے۔ دریں اثنا، علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی صوبے میں جاری کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed