اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت سوشل میڈیا کے اثر سے باہر نکل آئے تو یہ ان کی اپنی سیاست کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاست میں کبھی بھی مکمل بند گلی یا ‘نو ریٹرن’ کی پالیسی نہیں ہوتی، یہاں حالات بدلتے دیر نہیں لگتی اور کل کے حریف آج کے دوست جبکہ کل کے دوست آج کے حریف بن جاتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ خود پی ٹی آئی کے اندر سے بھی اب یہ آوازیں بلند ہو رہی ہیں کہ مزاحمتی راستے کے بجائے سیاسی حکمت عملی اپنائی جانی چاہیے۔ اگر پی ٹی آئی واقعی سیاست کرنے کی طرف آتی ہے تو ان کے لیے سیاسی میدان میں کافی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ن لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے اپنی جماعت کے کسی دوسرے رہنما کی گفتگو پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مولانا نے جو سخت بیانات دیے تھے، انہوں نے محض ان پر سیاسی سطح پر نکتہ چینی کی تھی۔






