اب ہمارا کوئی اختلاف نہیں’ ایک یونٹ ہونگے ‘ گورنر

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ صوبہ اب وفاق اور دیگر تمام اکائیوں کے ساتھ مکمل ہماہنگی اور ایک پیج پر ہو کر چلے گا، اور ماضی کے سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک مضبوط یونٹ کی طرح عوامی فلاح کے لیے کام کیا جائے گا۔ پشاور میں میڈیا سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے بھر بالخصوص پشاور کو صاف و ستھرا بنانے کا تہیہ کر لیا گیا ہے اور صفائی و تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔گورنر کے پی نے انکشاف کیا کہ گندم کی تقسیم اور کوٹے کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیوں کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ صوبے کو ملنے والی گندم کیسے غائب کی گئی، جس کی جامع رپورٹ جلد عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب صرف وہی پروجیکٹس آگے بڑھائے جائیں گے جو عوامی مفاد میں ہوں گے، کیونکہ ماضی میں ترقیاتی کاموں پر چار چار محکمے الگ بل بناتے رہے ہیں۔ اب کرپشن اور فنڈز کی خردبرد کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور سرکاری خزانے کا ایک ایک پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔ٹریفک اور توانائی کے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ٹریفک قوانین کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کیمروں کی مدد سے نظام بہتر بنانے کے لیے میٹنگ طلب کی گئی ہے تاکہ سائلین اور شہریوں کو جرمانوں اور چالان کی شکایات سے نجات مل سکے۔ اس کے علاوہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے واپڈا حکام سے خصوصی بیٹھک کی جائے گی، تاہم انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب بجلی چوری کا دور ختم ہو چکا ہے اور صارفین کو بل دینا ہوں گے، اب وفاق پر بلاجواز زیادتی کا الزام دھرنے کا رواج نہیں چلے گا۔دریں اثنا، پشاور انتظامیہ نے گورنر کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کے تحت کوہاٹ روڈ کے علاقے گڑھی قمر دین سمیت رنگ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ڈپٹی کمشنر پشاور کی موجودگی میں بھاری مشینری کے ذریعے ناجائز تجاوزات کا صفایا کیا جا رہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed