کور کمانڈر پشاور (11 کور) لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے ضلع لوئر چترال کے علاقے پٹائی میں 400 فٹ طویل جیپ کے قابل معلق پل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ یہ پل دو معلق پلوں اور 8 کلومیٹر طویل سڑک پر مشتمل ایک ایسے اہم منصوبے کا حصہ ہے جسے سرسِپ (SRSP) نے پٹراپ (PATRIP) فاؤنڈیشن پروگرام کے تحت جرمن حکومت اور جرمن ترقیاتی بینک (KfW) کے مالی تعاون سے مکمل کیا ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل سے ارسون اور پٹائی کی دور دراز وادیوں کو مرکزی چترال پشاور روڈ سے جوڑ دیا گیا ہے۔ ان دو معلق پلوں اور سڑک کی تعمیر سے سرحدی علاقوں کی آپسی رسائی اور رابطے میں نمایاں بہتری آئے گی، سال بھر بلا تعطل نقل و حمل ممکن ہو سکے گی اور مقامی رہائشیوں کے لیے روزگار کے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔
ارسون کے ایک مقامی رہائشی عبداللہ خان کے مطابق، اس سے قبل وادی تک پہنچنے میں تقریباً پانچ گھنٹے کا طویل اور کٹھن سفر کرنا پڑتا تھا، جبکہ نئی سڑک کی تعمیر کے بعد یہ سفر کم ہو کر صرف 25 منٹ کا رہ گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پرانا راستہ سال میں صرف آٹھ سے نو ماہ کھلا رہتا تھا، جبکہ نیا راستہ سال کے بارہ مہینے کھلی اور محفوظ آمدورفت فراہم کرے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سرسِپ نے کور کمانڈر کو جرمن حکومت اور پٹراپ فاؤنڈیشن کے تعاون سے چترال میں جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے علاقے میں سرسِپ کے ترقیاتی کاموں کی تعریف کی اور افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے پر مقامی برادری اور ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور (نارتھ)، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، علاقے کے مشران، صحافیوں اور سرسِپ کے عملے نے شرکت کی۔








