گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر آفاق وزیر نے دیر کالونی اسکول حادثے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دن بھر ملاقاتیں کیں اور جاں بحق بچوں کے والدین میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامی ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں۔ اس سلسلے میں جاں بحق بچوں کے ورثاء کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں کی فہرستوں کی تیاری اور تصدیق کا عمل بھی جاری ہے تاکہ تمام متاثرہ خاندانوں تک امداد شفاف اور بروقت انداز میں پہنچائی جا سکے۔ حکام کے مطابق زخمی بچوں کے لواحقین کو آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر مالی معاونت فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور زخمی بچوں کے اہل خانہ کی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔







