پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں خیبر پختونخوا انڈر 21 گیمز کے لیے ایتھلیٹکس ٹرائلز کا کامیاب اختتام ہو گیا ہے، جس میں 150 کھلاڑیوں میں سے 28 بہترین مرد و خواتین ایتھلیٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ریجن کے لیے منعقدہ ان انڈر 21 گیمز کے ٹرائلز میں کل 43 خواتین اور 107 مرد کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس انتخاب کا بنیادی مقصد مختلف شعبوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو منتخب کر کے انڈر 21 گیمز میں پشاور ریجن کی نمائندگی کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ٹرائلز کے دوران خواتین نے 100، 200، 400، 800 اور 1500 میٹر ریس کے ساتھ ساتھ شاٹ پٹ، جیولن تھرو، ڈسکس تھرو، لانگ جمپ اور 4×100 میٹر ریلے میں حصہ لیا۔ دوسری جانب مرد کھلاڑیوں نے مختلف دوڑوں سمیت لانگ جمپ، ہائی جمپ، ریلے ریس، شاٹ پٹ، جیولن تھرو اور ڈسکس تھرو میں اپنی پیش ورانہ مہارت دکھائی۔ تمام مقابلوں کا جائزہ لینے کے بعد مجموعی طور پر 28 کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔
ان ٹرائلز کی نگرانی ریجنل اسپورٹس آفیسر پشاور احمد زمان، ایڈمنسٹریٹر حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی اور ایتھلیٹکس کوچ ظفران آفریدی نے کی۔ اس موقع پر عابد آفریدی نے بتایا کہ انڈر 21 گیمز کی شروعات سے دو ہفتے قبل منتخب کھلاڑیوں کے لیے خصوصی ترتیبی کیمپ لگایا جائے گا تاکہ ان کی فٹنس اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔







