خیبرپختونخوا کے 32 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے کام تیز کرنیکا فیصلہ

وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل نئے ہسپتالوں کے قیام کے منصوبوں کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرنے اور محکمہ صحت کے جاری منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی بہتری کے منصوبے کے تحت مجوزہ کاموں کے دائرہ کار اور لاگت سے متعلق تفصیلات ایک ہفتے کے اندر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی نے محکمہ صحت کے ترجیحی منصوبوں پر پیش رفت کے جائزے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ جدید طبی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صحت کے شعبے کے جاری منصوبوں کیلئے بروقت فنڈز کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور منصوبوں کی تکمیل میں مالی وسائل کی کمی رکاوٹ نہیں بننے دی جائیگی۔ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملے کی کمی دور کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں تاکہ اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ صحت کے منصوبوں میں فنڈز کے استعمال، تعمیراتی و طبی معیار اور کام کی رفتار کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل خیبرپختونخوا کے عوام کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ حکومت ایسا صحت کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جہاں کسی شہری کو علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے اور اسے اپنے علاقے میں ہی معیاری طبی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں اور حکومت اس حق کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائے گی۔اجلاس کو محکمہ صحت کے جاری اور نئے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 33 ارب روپے کی لاگت سے جاری ثانوی سطح کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی بہتری کے منصوبے کے تحت صوبے کے 32 اسپتالوں کی تزئین و بحالی اور استعداد کار میں اضافے کا کام جاری ہے۔ منصوبے میں اسپتالوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، طبی آلات کی استعداد اور معیار میں اضافے، خدمات کی بیرونی اداروں کے ذریعے فراہمی، طبی خدمات میں اضافے اور دیگر ضروری اقدامات شامل ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت صوبے کے 32 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کو 2.5 ارب روپے مالیت کے طبی آلات فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 29 اسپتالوں کے بنیادی ڈھانچے کے ڈیزائن منظور ہونے کے بعد متعلقہ ٹھیکے داروں کو کام شروع کرنے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت تمام اسپتالوں میں کام کے دائرہ کار، تخمینہ لاگت اور تکمیل کے مراحل سے متعلق جامع تفصیلات ایک ہفتے کے اندر پیش کی جائیں تاکہ پیش رفت کا مو ثر جائزہ لے کر ضروری فیصلے کیے جا سکیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed