پشاور میں سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور زیرِ علاج پولیس ڈرائیور کانسٹیبل نوشاد کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔ کانسٹیبل نوشاد گزشتہ شب حسن خیل میں فتنۃ الخوارج کے مبینہ ڈرون حملے کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔
سی سی پی او نے زخمی اہلکار کی بہادری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس کے جوانوں کا حوصلہ اور جذبۂ خدمت قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ پولیس اپنے بہادر اہلکاروں کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کانسٹیبل نوشاد کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، ان کے حوصلے کو سراہا اور زخمی اہلکار کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے زخمی اہلکار اور ان کے خاندان کو ہر ممکن تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اس مشکل وقت میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔







