انصاف لائرز فورم پاکستان کی مرکزی ترجمان معصومہ میر ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ 27 ستمبر کے انصاف مارچ سے قبل اس طرح کے اقدامات حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔ایک بیان میں معصومہ میر ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری قابل مذمت ہے، حکومت کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کے بجائے ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا انصاف مارچ جن مقاصد کے حصول کے لیے کیا جا رہا ہے، وہ مقاصد حاصل ہوں گے اور تحریک انصاف اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے بغیر ملک کے سیاسی حالات معمول پر نہیں آ سکتے اور حکومت کو سیاسی مسائل کا حل مذاکرات اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے تلاش کرنا چاہیے۔معصومہ میر ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھے گی۔







