بٹگرام میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قمر حیات خان (پی ایس پی) کی زیر صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کی امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اقدامات، زیر تفتیش مقدمات اور تفتیشی و آپریشنل کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن امجد حسین خان، مختلف سرکلز کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران، ڈی ایس بی انچارج اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں جرائم کی صورتحال، جاری سیکیورٹی اقدامات اور پولیس کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او بٹگرام نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سنگین نوعیت کے جرائم، خصوصاً خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مقدمات میں مطلوب ملزمان کی فوری گرفتاری، ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بروقت چالان اور قانونی کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی عوامی شکایات کے فوری ازالے اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
ڈی پی او بٹگرام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔







