کوہاٹ پولیس کے بہادر جوان عابد جان کو دہشت گردوں کے حملے کے دوران غیر معمولی جرات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عرفان طارق نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران ان سے ملاقات کی اور ان کی بہادری کو سراہا۔
پولیس کے مطابق پولیس لائن کوہاٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران عابد جان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ اس دوران وہ زخمی بھی ہوئے، تاہم انہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی اور عوام کے تحفظ کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔
آر پی او کوہاٹ عرفان طارق نے بہادر جوان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس فورس اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں، حوصلے اور فرض شناسی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے جوان محکمہ پولیس کا فخر ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کی عملی مثال ہیں۔ کوہاٹ پولیس نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ فرض کی ادائیگی، بہادری اور عوامی تحفظ اس کی بنیادی ترجیحات میں شامل رہیں گے۔







