مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر انتخاب خان چمکنی کی کوششوں سے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے علما و مشائخ ونگ کے صدر اور ممتاز عالم دین مولانا شعیب اور یوتھ پارلیمنٹ کے صدر و PSF کے رہنما ء عثمان اعوان نے مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر و وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی اور مسلم لیگ میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفی ملک، صوبائی صدر گلگت بلتستان دلفراز خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔مولانا شعیب اور عثمان اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ محب وطن جماعت ہے، چوہدری شجاعت حسین کی وضع داری، رواداری اور قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی کردار سے متاثر ہوکر مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک و قوم اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے اپنا کردار ادا کریں گے۔چوہدری سالک حسین نے نئے شامل ہونے والے رہنماں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ممتاز علما اور نوجوانوں کی مسلم لیگ میں شمولیت خوش آئند ہے۔ مسلم لیگ نے ہمیشہ قومی مفاد اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے لیکن انتظامی ڈھانچہ اب بھی بڑی حد تک پرانے نظام کے مطابق ہے۔ کروڑوں افراد پر مشتمل صوبوں میں دور دراز علاقوں تک انتظامی سہولیات اور وسائل کی بروقت فراہمی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ شہریوں کو معمولی سرکاری امور کے لیے بھی صوبائی دارالحکومتوں کا سفر کرنا پڑتا ہے، اس لیے مزید صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ انتظامی یونٹس بڑھانے سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ کم، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔ مسلم لیگ اس اہم قومی معاملے پر بھرپور سیاسی اور عوامی مہم چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سیاسی تربیت اور مثبت سیاسی کردار ضروری ہے۔ مسلم لیگ تہذیب، رواداری، برداشت اور تکریم کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، گالم گلوچ اور تنگ نظری کو سیاست نہیں کہا جاسکتا۔انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ علما اور نوجوانوں کی شمولیت سے مسلم لیگ خیبر پختونخوا میں مزید مضبوط ہوگی۔ مسلم لیگ صوبے کے عوام کی مثر آواز بنے گی اور چوہدری سالک حسین کی قیادت میں ایک مضبوط سیاسی و پارلیمانی قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گی۔







