امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے یمن کے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات پر حوثی حملے مذہبی اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔اپنے بیان میں شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسلام انسانی جان، مال اور عزت کے تحفظ اور جارحیت کی ممانعت کا درس دیتا ہے، موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔امام کعبہ کا مزید کہنا تھا کہ عوام افواہوں سے خبردار رہیں اور معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کریں،عوام کا اتحاد اور قومی یکجہتی خطرات کا مقابلہ کرنے کی بنیادی قوت ہے۔عبدالرحمن السدیس نے سعودی عرب، اس کی قیادت، عوام، مقدس مقامات اور وہاں خدمات انجام دینے والے اور ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے دعا کی۔







