پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر اسکول کرکٹ کا دائرہ کار ملک بھر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد اسکول کرکٹ کے ذریعے قومی سطح پر نئے اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانا ہے۔ اس سلسلے میں پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
دوسرے سیزن کا افتتاحی میچ ہفتے کو بیکن ہاؤس اور ایچیسن کالج کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
افتتاحی میچ کے بعد پی سی بی کی جانب سے میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق افتتاحی میچ اور میوزیکل کنسرٹ میں شرکت کے لیے شائقین کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔







