انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس کے دوران عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر ایمل ولی خان اور مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، جس سے اجلاس کا ماحول کچھ دیر کے لیے کشیدہ رہا۔اجلاس کے دوران دونوں رہنمائوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی،عابد شیر علی نے ایمل ولی خان سے مکالمے کے دوران کہا،آپ کیا ہو، آپ کیا ہیں؟۔اس پر ایمل ولی خان نے انہیں مناسب انداز میں بات کرنے کا کہا۔عابد شیر علی نے ستھرا پنجاب سے متعلق معاملے پر سوالات اور انکوائری کے انداز پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سوالات ایسے کیے جا رہے ہیں جیسے تھانے میں بیٹھ کر انکوائری کی جا رہی ہو۔اس پر ایمل ولی خان نے جواب دیا، آپ طریقے سے بات کریں۔دونوں رہنمائوں کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کے دوران اجلاس میں کشیدگی بڑھ گئی۔صورتحال کے پیش نظر کمیٹی کے ایک رکن نے کیمرے بند کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔واقعے کے باعث انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں کچھ دیر کے لیے ماحول کشیدہ رہا۔







