وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے اور ماحولیاتی نقصانات سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کاپ 31 کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی سرحد تک محدود نہیں، اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے صرف وعدے اور اعلانات کافی نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں انسانی جانوں اور معیشتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچتا ہے۔ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات کا سامنا کرچکا ہے، جہاں سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور ملک کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیراعظم نے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ترک قیادت اور عوام نے بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 20 میگاواٹ کی روف ٹاپ سولر صلاحیت میں اضافہ کیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر کاربن کے مجموعی اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
انطالیہ میں ہونے والے کاپ 31 کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں 200 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شاندار میزبانی اور بہترین انتظامات پر ترک صدر اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔







