اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے ملاقات کے بعد پارٹی کی مرکزی قیادت کو حکومت کے ساتھ سیاسی رابطے بحال رکھنے اور پارٹی کے اندرونی اختلافات کو فوری طور پر ختم کرنے کی اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ باضابطہ اور بیک ڈور سیاسی رابطوں کو آگے بڑھانے کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور ان کی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام تر تعلقات کو استعمال میں لاتے ہوئے بیک ڈور مذاکرات اور ملاقاتوں کا سلسلہ بحال اور برقرار رکھیں۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ ان کی زوجہ بشریٰ بی بی نے بھی بیرسٹر گوہر کو حکومت کے ساتھ رابطے بحال رکھنے کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے۔
ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے پارٹی صفوں میں پائے جانے والے اختلافِ رائے کو ختم کرنے اور سخت تنظیمی ڈسپلن قائم رکھنے پر بھی خاص زور دیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کے حوالے سے ہونے والی سیاسی پیش رفت سے بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر آگاہ تھے، تاہم انہوں نے اس فیصلے پر فی الحال کسی قسم کا براہِ راست ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔







