اسلام آباد کے کے پی ہاؤس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بیجان ہوٹل چترال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انور امان نے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے صوبے میں سیاحت کی ترقی، سرمائی کھیلوں کے فروغ اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں ۱۰ ارب روپے کی لاگت سے فائیو سٹار ریزورٹ کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبے میں سیاحت کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مضبوط ہو گی۔ انہوں نے عالمی شہرت یافتہ اسکی گروپ کے اشتراک سے صوبے میں اسکیئنگ اور سرمائی سیاحت کی سہولیات متعارف کرانے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی حسن اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے مالامال ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو محفوظ و کاروبار دوست ماحول کی فراہم کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جائیداد کی منتقلی کے ٹیکسوں کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ خیبر پختونخوا کو مزید مسابقتی بنایا جا سکے، جبکہ تمام مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔







