کپیٹل سٹی پولیس آفیسر (CCPO) پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہریوں کی جانب سے ملنے والی عمومی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر کے پولیس تھانوں کے محرران کو ملک سعد شہید پولیس لائنز طلب کر لیا اور ان کے رویوں کی اصلاح و پبلک ڈیلنگ کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور نے واضح کیا کہ محرر سٹاف تھانے آنے والے ہر شہری کے لیے فرسٹ رسپانڈر کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے شہریوں کی عزتِ نفس کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستہ رویہ اپنایا جائے اور فوری قانونی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ محرر سٹاف کے رویوں کی نگرانی اور پبلک ڈیلنگ میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی پر موجود محرران کو "باڈی کیمرے” فراہم کیے جائیں گے اور ان کے لیے تین روزہ خصوصی تربیتی کورس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ہدایت کی کہ شہریوں سے بدسلوکی یا ڈیوٹی میں غفلت پر سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا، جبکہ بہترین کارکردگی اور دیانت داری دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام تھانوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور درستگی کے لیے 15 روز کی مہلت دی اور ایس ایس پی آپریشنز کو تمام تھانوں کا دورہ کر کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایس پی ہیڈکوارٹر علی گوہر اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر واجد شاہ بھی موجود تھے







