گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اوقاف و مذہبی امور مولانا طیب قریشی نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین پی آر سی ایس خیبر پختونخوا فرزند علی وزیر سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صوبائی سیکریٹری پی آر سی ایس خیبر پختونخوا عابد رحمان مروت بھی موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، فلاحی اقدامات اور دکھی انسانیت کی خدمت سے متعلق تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پی آر سی ایس فرزند علی وزیر نے معزز مہمان کو خیبر پختونخوا بھر میں پی آر سی ایس کے زیرِ اہتمام جاری انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں، فلاحی منصوبوں اور قدرتی آفات و عام حالات میں ضرورت مند افراد کو فراہم کی جانے والی معاونت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مشیر اوقاف و مذہبی امور مولانا طیب قریشی نے پی آر سی ایس خیبر پختونخوا کی انسانی ہمدردی پر مبنی خدمات اور ریلیف سرگرمیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کے لیے ادارے کا کردار انتہائی قابلِ تحسین اور مشعلِ راہ ہے۔







