خیبر پختونخوا پولیس میں اپر اور لوئر کوہستان کے امیدواروں کے لیے انٹرویوز اور بھرتی کے تمام تر مراحل شفاف انداز میں مکمل کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوص ہدایات پر کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) سید اشفاق انور کی سربراہی میں قائم ریکروٹمنٹ کمیٹی نے پولیس لائنز ایبٹ آباد میں اپر و لوئر کوہستان کے امیدواروں کے انٹرویوز اور متعلقہ مراحل کو کامیابی سے مکمل کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ ایس ایس یو سید اشفاق انور نے تمام متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ بھرتی کے تمام تر درجات میں میرٹ، کامل شفافیت اور غیر جانب داری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور بھرتی کے عمل میں میرٹ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے مطابق یہ اقدامات خیبر پختونخوا پولیس کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شفافیت کے اعلیٰ معیار پر استوار کرنے کی کڑی ہیں۔







