مشیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے پشاور کے علاقے لنڈی ارباب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مائیکرو لائٹ طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ قاضی ظفر کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
مولانا طیب قریشی نے قاضی ظفر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جان کا ضیاع ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ وہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ایڈوائزری کونسل کے ممبران کی نمائندگی کرتے ہوئے تعزیت کے لیے حاضر ہوئے ہیں۔ مشیر اوقاف نے کہا کہ قاضی ظفر کی شہادت سے ان کے اہلِ خانہ اور پورے علاقے کو جو صدمہ پہنچا ہے، اس کا دلی احساس ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔







