پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقد ہونے والی عالمی مشق ‘ایکسرسائز کیمبرین پیٹرول 2026’ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
برطانیہ کے علاقے ویلز میں 2 سے 13 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والی اس مشق میں دنیا بھر کے 36 ممالک سے 140 ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس اہم عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی 59 پنجاب رجمنٹ نے کی، جس میں ایک افسر اور سات سپاہی شامل تھے۔ اس سے قبل پاکستان آرمی نے 2022 اور 2023 میں سلور میڈل جبکہ 2024 اور 2025 میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ اس سال کے تمغے کے ساتھ پاک فوج نے مسلسل پانچویں سال اس مشق میں کامیابی برقرار رکھی ہے، جو بین الاقوامی سطح پر ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جسمانی صلاحیت کا ثبوت ہے۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے سلور میڈل جیتنے والی پاک فوج کی ٹیم کی میزبانی کی اور تمام اہلکاروں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران ہائی کمشنر اور پاکستانی ٹیم کے درمیان مشق کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور کارکردگی پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔







