پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈریگن بوٹ کھیل کے فروغ کے لیے صوبائی سطح پر ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشنز قائم کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی تنظیمی قیادت کے لیے عہدیداران کا بھی انتخاب کر لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت امیر بہادر خان ہوتی کو پنجاب ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا صدر جبکہ سابق بیوروکریٹ جاوید مروت کو خیبرپختونخوا ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں منعقدہ اجلاس میں سینئر سپورٹس جرنلسٹ محمد یوسف کو پنجاب ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا، جبکہ محترمہ عظمیٰ زیدی نائب صدر اور نوید اختر ملک خزانچی مقرر ہوئے۔
دوسری جانب پشاور میں منعقدہ اجلاس میں جاوید مروت کو متفقہ طور پر خیبرپختونخوا ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا صدر اور معروف سپورٹس آرگنائزر نعیم گل کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ دیگر عہدیداران میں شمیم اختر جدون سینئر نائب صدر، جنید خان نائب صدر اور بلال اسلم خزانچی شامل ہیں۔
پنجاب ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر امیر بہادر خان ہوتی نے کہا کہ دریائے کابل میں ڈریگن بوٹ فیسٹیول اور مقابلوں کے انعقاد کے بعد اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر پاکستان ڈریگن بوٹ فیڈریشن کے قیام کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید مروت نے کہا کہ صوبائی سطح پر اس نئے کھیل کو متعارف کرانے کے ساتھ کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈریگن بوٹ مستقبل قریب میں ملک بھر میں مقبول کھیل بن جائے گا اور اس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی ممکن ہوگی۔







