ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق باڑہ بازار اور گردونواح میں سکیورٹی حالات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
سی سی پی او پشاور نے کہا ہے کہ تمام سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ پشاور پولیس، خیبر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال، حساس تنصیبات اور سرکاری املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
سی سی پی او پشاور نے کہا کہ قانون کی عملداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ احتجاج کی آڑ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ یا بدامنی پھیلانے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق تمام افسران اور جوان مکمل طور پر الرٹ ہیں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔







